
ولایت - چھ تقریریں
Author: رہبر معظم حضرت آیت اﷲ العظمیٰ سید علی خامنہ ای
Topic: عرفان
اگر کوئی انسان رات بھر قیام کی حالت میں گزارے ‘ صرف ماہِ رمضان ہی میں نہیں بلکہ پوری عمرسارے سال روزے رکھے ‘ اپنا تمام مال واسباب راہِ خدا میں صدقہ کردے اور پوری زندگی ہر سال حج پرحج کئے جائے‘ لیکن وہ خدا کے ولی کی ولایت سے آشنا نہ ہو‘ تاکہ اس شناسائی کے بعد اسکی پیروی کرے اوراسکے نتیجے میں اسکے تمام اعمال خدا کے اس ولی کی رہنمائی کے تحت انجام پائیں‘تو ایسے شخص نے جو کچھ انجام دیا ہے ‘ وہ فضول ‘ بے ثمر اور ناکارہ ہے ۔ (اصولِ کافی ۔باب دعائم الاسلام ۔حدیث پنجم) زیرِ نظر کتاب ’’ولایت‘‘کے بارے میں رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی چھ تقاریر کا مجموعہ ہے۔یہ تقاریر انقلابِ اسلامی کی کامیابی سے چار سال پہلے ماہِ مبارکِ رمضان میں مسجدِ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام مشہدِ مقدس میں کی گئی تھیں۔ ان تقاریر میں رہبرِ معظم نے ولایت کے مختلف معنی بیان کئے ہیں ‘معاشرے میں ولایت کے مختلف مظاہر پر روشنی ڈالی ہے اور ولایت کے ایسے مفاہیم کاذکر کیا ہے ‘جن پر عام طور سے ہمارے یہاں گفتگو نہیں ہوتی۔